لاہور۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں ضلع گوجرانوالہ، نارووال اور سیالکوٹ کے نمائندے شامل تھے۔ اس ملاقات میں ملکی صورتحال اور پنجاب میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، اور راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔
گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایک عرصے تک پستی کی طرف دھکیلا گیا، تاہم اب ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی معیشت میں بہتری کی نشانی ہے جبکہ اسٹاک ایکسچینج کی بلندیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہیں۔ انہوں نے ترقی کی رفتار میں تیزی کو مثبت تبدیلی کی علامت قرار دیا۔
نواز شریف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی وفاق میں انتھک محنت اور مریم نواز کی پنجاب میں عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں قیادتیں خلوصِ نیت سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، اور اللہ تعالیٰ ہمیشہ ان کا ساتھ دیتا ہے جو نیک نیتی سے مخلوق کی خدمت کرتے ہیں۔
اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، “میاں صاحب، آپ مریم نواز جیسی بہادر اور لائق بیٹی پر جتنا فخر کریں کم ہے۔” اراکین نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف نے ایک سال میں ہر طبقے کی فلاح کے لیے مؤثر پروگرام متعارف کرائے ہیں، جس پر عوام دعاگو ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے اراکین اسمبلی کے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہونے کی حیثیت سے وہ مزید ذمہ داری محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کی عوامی خدمت کو ایک مثالی عمل قرار دیا اور کہا کہ “آپ سب کی رہنمائی اور اعتماد ہی ہماری طاقت اور کامیابی کی کنجی ہے۔” انہوں نے نون لیگ کی عوامی خدمت کی روایت کو برقرار رکھنے اور مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔