اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اگلے ہفتے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ایک اور کھلا خط لکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن، علیمہ خان، نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے صوابی جلسے میں عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزادی کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے 26 نومبر کو نہتے عوام پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو اس جدوجہد میں شریک ہیں، تاریخ انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ عمران خان نے پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمارے لوگوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ انہوں نے سندھ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور جسٹس یحییٰ آفریدی سے کہا کہ آپ فیصلہ کریں کہ آپ قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنے ترسیلات زر چوروں کے حوالے نہ کریں، کیونکہ اسٹیبلشمنٹ انہیں نواز شریف اور زرداری کے کرپشن کے بارے میں فائلیں فراہم کرتی رہی۔ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام بھی دیا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ وہ اپنے کیسز کا سامنا کریں گے، اور وہ ان ججز کے سامنے کریں گے جو ان پر مقدمات چلا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے اور آرمی چیف کو لکھا گیا خط صرف بات چیت کے لیے تھا، تاکہ فوج اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کو کم کیا جا سکے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم اور فوج کو ایک ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے ایک اور خط لکھنے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی عمران خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک کھلا خط پوسٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ “میں نے ملک و قوم کی بہتری کی خاطر نیک نیتی سے آرمی چیف کو کھلا خط لکھا، اس کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کرنا تھا، لیکن خط کا جواب غیر سنجیدگی سے دیا گیا۔”