صدر آصف علی زرداری کی پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات

لزبن۔صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی رہنما، پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات کی اور ان کے والد، شہزادہ کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر آصف زرداری نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ایک سچے دوست اور عظیم انسان دوست شخصیت کے بچھڑنے پر غمزدہ ہے۔

صدرِ مملکت نے مرحوم آغا خان کے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے شمار لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران آغا خان کے انتقال کی خبر ملی، اور میں انسانیت کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لزبن آیا ہوں۔ مرحوم آغا خان کی انسان دوستی اور فلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ پرنس رحیم الحسینی اپنے والد کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔