وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر کے درمیان ابو ظہبی میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، اور ترقیاتی شعبوں میں جاری تعاون اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ابوظہبی میں عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیرِاعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ یہ عالمی سربراہی اجلاس آج دبئی میں شروع ہوا، جس کا مرکزی موضوع ’’مستقبل کی حکومتوں کی تشکیل‘‘ ہے۔
ابوظہبی کے قصر الشاطی میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی تعاون پر خاص توجہ دی گئی، جو دونوں ممالک کے دیرپا اقتصادی استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن سے ہم آہنگ ہے۔
اس موقع پر، ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں عالمی گورننس کے بدلتے رجحانات، حکومتی سطح پر تیاریوں، اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عملی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ، ترقی کے عمل کو تیز تر کرنے اور ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے ان عالمی تبدیلیوں سے استفادے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مزید برآں، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے کئی علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کی۔
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی امن، استحکام، اور سلامتی کے لیے بین الاقوامی برادری کو دو ریاستی حل کی بنیاد پر جامع اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔