راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ڈرائیونگ لائسنس کی آگاہی مہم اور یکم مارچ سے بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا آغاز۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ہر ڈرائیور کو قانونی لائسنس کے حصول کی ترغیب دینا اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں سٹی ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ اور فیلڈ سٹاف مختلف شاہراہوں، چوکوں اور عوامی مقامات پر ڈرائیورز کو بریفنگ دے رہے ہیں تاکہ انہیں آگاہ کیا جا سکے کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول نہ صرف قانونی ضرورت بلکہ محفوظ سفر کی ضمانت ہے،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے سے گریز کریں ، بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ حادثات اور جانی نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
یکم مارچ 2025 کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ساتھ سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی تاکہ قانون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا سکے، سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے موبائل لائسنس وین، قریبی لائسنسنگ سینٹر یا ٹریفک ہیڈکوارٹرز سے سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ آسانی سے قانونی لائسنس حاصل کر سکیں،بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا ایک خطرناک عمل ہے جو حادثات اور انسانی جان کے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہے تاکہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ صرف ایک قانونی دستاویز ہے بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کی علامت بھی ہے ، سٹی ٹریفک پولیس کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ، شہری کسی بھی قسم کی معلومات اور رہنمائی کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 051-9274843 پر رابطہ کریں، اور مزید تفصیلات کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز @ctprwp کا وزٹ کریں۔