راولپنڈی مری بروری فیکٹری میں آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)راولپنڈی میں واقع مری بروری فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ فیکٹری کے پلانٹ میں لگی جہاں پلاسٹک کی بوتلیں موجود تھیں،آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلانٹ کو لپیٹ میں لے لیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں کام کرنے والے کچھ ورکرز معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا اور مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ دوسری جانب مری بروری کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ معمولی نوعیت کی تھی اور جلد ہی قابو پا لیا گیا۔ ان کے مطابق فیکٹری کے دیگر حصے محفوظ رہے اور کسی قسم کا بڑا نقصان نہیں ہوا ،ریسکیو حکام واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی.