اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکن سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل ہوگئے ہیں، کارکنوں نے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور مخالفین کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا اور پارٹی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے فوری طور پر اپنی نشستوں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اراکین اپنی سیٹوں سے استعفیٰ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 منحرف ارکان جو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں میڈیا کے سامنے آگئے تھے جہاں راجا ریاض نے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ 24 ارکان ہیں جو اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔ ’ ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے رکن اسبملی نور عالم خان اور باسط بخاری سمیت دیگر کئی اراکین کو بھی دیکھایا گیا تھا جو سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں اور واضح اشارہ دے رہے تھے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف پیش ہونے والی تحریک عدم اعتماد پر کس کو ووٹ دیں گے۔
اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے والے مظاہرین نے ہاتھوں میں لوٹے اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے منحرف اراکین کے خلاف اور اور اعظم عمران خان نے حق میں نعرے لگائے۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی اور پی ٹی آئی کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سے تلخ کلامی کی اور سندھ ہاؤس کے باہر سے واپس جانے سے انکار کردیا، بعدازاں مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا اور منتشر ہوگئے۔