پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025، 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر )پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025، 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگاپی ایم آئی ایف 25 میں عالمی اور مقامی سرمایہ کار شرکت کریں گےپاکستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ”پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 (PMIF25)“کا انعقاد 8 اور 9 اپریل کو جناح کنونشن سینٹر، اسلام آبادمیں ہو گا۔ یہ فورم ایس آئی ایف سی، وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن)، اوجی ڈی سی ایل اور دیگر شراکت داروں کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملکی معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا ہے۔ پی ایم آئی ایف 25 میں اوجی ڈی سی ایل بطورآرگنائزر جبکہ بیرک، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL)، ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO)، ماڑی انرجیزاور دیگر بڑی کمپنیاں بطور شراکت دار شرکت کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق یہ فورم عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں، حکومتی نمائندوں، کاروباری اداروں، مالیاتی ماہرین اور پالیسی سازوں کو ایک جگہ اکٹھا کرے گا تاکہ پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ پی ایم آئی ایف 25 میں حکومت پاکستان ”نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک 2025“ کا باضابطہ اعلان کرے گی، جو سرمایہ کاری کو مزید آسان اور منافع بخش بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ واضع رہے پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، جہاں تانبہ، سونا، لیتھیم، اور نایاب معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

یہ معدنیات توانائی، ٹیکنالوجی، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں، جس سے پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں اہم مقام حاصل ہو سکتا ہے۔ یہ فورم پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، اور پائیدار کان کنی کے طریقوں کو اپنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی معدنیات کی طلب کے پیش نظر، ’پی ایم آئی ایف 25‘پاکستان کو عالمی منرل مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا.