لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 16 پاکستانی افراد کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ریاض حسین پیرزادہ

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ ایند ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے لیبیا میں 5 فروری کو پیش آنے والے کشتی کے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 16 پاکستانی افراد میں سے 6 کے جسد خاکی جو آج صبح خصوصی انتظامات سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچائے گئے ان کو وزیر اعظم کی جانب سے موصول کیا۔ وزیر نے اس موقع پر متوفین کے لیے دعائے مغفرت کروائی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا،اس موقع پر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس المناک حادثہ پر سوگواران کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن سطح پر کھڑی ہے۔ ہم نے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں تاکہ متوفین کے جسدِ خاکی ان کے عزیزوں تک بہترین طریقے سے پہنچائے جا سکیں۔ ہمارے سفارتخانے، وزارت خارجہ امور ، اورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور دیگر تمام محکمے اس پورے عمل میں شب و روز کام کر رہے ہیں،میں متاثرہ خاندانوں کو یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ ہم جان بحق ہونے والے باقی افراد کی میتیں بھی جلد از جلد وطن واپس لائیں گے ساتھ ہی لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک دردناک واقعہ ہے اور اس سے ہمیں یہ سبق حاصل ہوتا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور ان کے خاندانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں جن کا انجام موت کی صورت میں ہو۔ قانونی ذرائع سے ہی بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔ حکومت پاکستان نوجوانوں کو مہارت اور منظم روزگار کے مواقع فراہم کر کے مختلف پروگرام چلا رہی ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہماری حکومت اس سانحےکی تحقیقات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف کاروائی کے لیے لیبیا اور انٹرنیشنل باڈیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے، وزیر نے کہا کہ متوفین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبر دے.