اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاسوں کا انعقاد ،آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں جرائم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا،افسران کو جرائم پیشہ عناصر کی جلد از جلد گرفتاری اور سدباب کے لئے سخت احکامات جاری کئے،تمام افسران اپنی تمام توانائیاں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے صرف کریں،آپ کی موجودگی شہریوں کے لئے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے لئے خوف کا باعث ہونی چاہیے ، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا،جن میں ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ،ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق،ایس ایس پی آپریشنز،ایس ایس پی انوسٹی گیشن ،ایس پی او سی یو اور دیگرافسران نے شرکت کی .
آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں جرائم کی مجموعی صورتحال کا جائز ہ لیا، تمام افسران سے باز پرس کی اورکارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے،انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں جرائم کی بیخ کنی کے لئے احکامات جاری کئے اور جرائم کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی اپنانے اوراپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام افسران سنگین جرائم کے خاتمے کے لئے خصوصی لائحہ عمل بنائیں، جدید ٹیکنالوجی اور تمام میسر وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ڈکیتی، راہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف موثر کریک ڈاون کو یقینی بنایا جائے ،عدالتی مفروران اور اشتہاریوں کی گرفتار ی کو یقینی بنائیں اور انہیں پناہ دینے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائے .
بغیر نمبر پلیٹ ،کالے شیشوں اور نیلی بتیوں والی گاڑیوں کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائیں،انہوں نے افسران کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کے سدباب کو یقینی بنانے کیلئے ڈولفن اسکواڈ کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے،انہوں نے تمام افسران کو گشت کو مو¿ثر بنانے اور شہریوں کے لئے ہر وقت میسر رہنے کے احکامات جاری کئے،انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی موجودگی شہریوں کے لئے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے لئے خوف کا باعث ہونی چاہیے،علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی جی سیف سٹی اور دیگر افسران کے ساتھ بھی میٹنگ کی،انہوں نے افسران سے سیف کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر پر گرفت مضبوط کرنے، ضلع بھر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے ،سیف سٹی کیمروں کی استعداد کار بڑھانے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے لیس سمارٹ کاروں کے موثر استعمال کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔