اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زونل ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا کا پشاور موڑ اتوار بازار میں ٹریفک ڈیوٹی کا معائنہ ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس افسران سے ملاقات

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زونل ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا کا پشاور موڑ اتوار بازار میں ٹریفک ڈیوٹی کا معائنہ،ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس افسران سے ملاقات کی اور ٹریفک کی مربوط روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ہدایات جاری کیں تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) ذیشان حیدر کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریا عبدالحفیظ نے پشاور موڑ اتوار بازار کا دورہ کیا اور وہاںپر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی کا تفصیلی معائنہ کیا،ڈی ایس پی انڈسٹریل ایریانے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائے.

انہوں نے کہا کہ بازار میں خریداروں کے رش کے باعث ٹریفک کا رش بڑھ جاتا ہے، جسے موثر حکمت عملی اور مستعدی سے کنٹرول کرنا ضروری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، لہٰذا تمام افسران اور اہلکار خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں،جبکہ تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کے خلاف فوری کارروائی عمل میںلائیںتاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے.

انہوں نے اس موقع پر موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے،شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور موثر ٹریفک مینجمنٹ پر شکریہ ادا کیا،اسلام آبادٹریفک پولیس وفاقی دارلحکومت میںشہریوں کی سہولت کے لیے اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور رمضان المبارک کے دوران خصوصی ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے.