ایمپاورڈ ویمن پروگرام کے تحت خواتین کیلئے کمرشل ڈرائیونگ کورس کا آغاز.چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کے ویژن پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کےزیر انتظام تمام ڈرائیونگ سکولز میں تاریخ میں پہلی مرتبہ ایمپاورڈ ویمن پروگرام کے نام سے خواتین کے لیے لیڈی انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی کمرشل ڈرائیونگ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ،تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر، راولپنڈی بینش فاطمہ کے خصوصی احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس کے تمام ڈرائیونگ سکولز میں ڈرائیونگ سیکھنے کی خواہشمند خواتین کی سہولت کیلئے اور خواتین کو مزید خود مختار بنانے کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے کمرشل ڈرائیونگ سکھانے کا آغاز کر دیا تا کہ مردوں کی طرح خواتین بھی ڈرائیونگ کو روزگار کی طرح لےکر چلیں۔

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ خاص طور پر خواتین کے لیے اس طرح کی ٹریننگ کا مقصد انھیں ایسی تربیت فراہم کرنا ہےکہ انھیں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر بھی ھو سکیں اور وہ پر اعتماد طور پر مردوں کے شانہ بشانہ اچھا روزگار بھی کما سکیں ، اس موقع پر ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سی ٹی او راولپنڈی کی خصوصی دعوت پر مختلف خواتین اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

جہاں سی ٹی او راولپنڈی نے انھیں اس منفرد کورس سے متعلق بریفنگ بھی دی اور اس کی افادیت سے بھی آگاہ کیا ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین چیلنچز کو بہتر طور پرسمجھ سکتی ہیں جن کا خواتین کو معاشرے میں سامنا کرنا پڑتا ہے، بالخصوص فی میل انسٹرکٹرز کے ساتھ زیر تربیت خواتین سوالات کرنے یا خدشات کا اظہار کرنے میں آسانی محسوس کر سکتی ہیں جس سے ایک موثر سیکھنے کا ماحول پیدا ہو گا۔

یہ طریقہ کار نہ صرف ڈرائیونگ سیکھنے والی خواتین کیلئے سود مند ہوگا بلکہ پیشہ وارانہ شعبے میں صنفی شمولیت اور خود مختاری کو بھی فروغ ملے گا، آخر میں معزز خواتین اراکین اسمبلی نے أپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ سی ٹی او راولپنڈی کے اس منفرد اقدام کو سراہتے ھوۓ دیگر اضلاع کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔