اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا باقاعدہ آغاز آج اسلام آباد میں ہوگیا۔ دنیا بھر سے آئے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد اس اہم کنونشن میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت پہنچ چکی

اسلام آباد (امتثال الحق)اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کے استقبال کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے جہاں سرکاری حکام نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو اس بار “سٹیٹ گیسٹ” کا درجہ دیا گیا ہے،کنونشن کے ضمن میں لوک ورثہ میں ایک رنگا رنگ کلچرل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فوڈ فیسٹیول اور لوک موسیقی کی محفل نے شرکاء کو محظوظ کیا۔

کنونشن کا افتتاحی سیشن کل، 14 اپریل کو منعقد ہوگا، جس سے وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی خطاب کریں گے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سینیٹ سمیت کابینہ ارکان اور متعدد پارلیمنٹیرینز کی شرکت بھی متوقع ہے،کنونشن کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ، حکومت کی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ ثقافت، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع پر بھی غور کیا جائے گا ، اس موقع پر مختلف ممالک سے آئے ہوئے مندوبین بھی شریک ہیں، جو اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کنونشن نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کے دلوں میں وطن سے محبت کو مزید تقویت دے گا، بلکہ پاکستان کے مثبت امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا ، کنونشن ملکی ترقی میں اوورسیز کمیونٹی کے کردار کو سراہنے کا ایک اہم موقع ہے۔