وفاقی وزیرداخلہ شیخ شیدنے وزیراعظم کی جانب سے سامنے لائے جانے والے خط سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جے یوآئی کے پاس آج کے جلسے اوردھرنےکی اجازت نہیں ہے، ان کا این او سی ختم ہوچکا ہے، مسلم لیگ (ن)ٌ کوآج کےجلسے کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھ رہا ہے، ہم عمران خان کےساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، عمران خان اقتدار میں ہو نہ ہو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ اگر آج قرارداد پیش ہوئی تو پیر کو ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا، میرے خیال میں 29 کی شام سے 31 کی شام آریا پار ہو جائے گا، میرا سیاسی وجدان کہتا ہے ایک گھنٹہ پہلے تک صورتحال بدل سکتی ہے کیونکہ 172بندے اپوزیشن نے لانے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاستیں انٹرنیشنل ہوتی ہیں لیکن مجھے اس خط کا علم نہیں جس کا ذکر کیا گیا۔
ان کاکہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ صرف پاکستان کے ساتھ ہے، میں عمران خان کو پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ حج کے بعد انتخابات کرادیں اور پنجاب اسمبلی توڑی جائے، میں ملک میں ایمرجنسی اور سندھ میں گورنر راج چاہتا تھا کیونکہ لوگ بک رہے ہیں۔