ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں پنجاب کلچرل ڈے کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں پنجاب کلچرل ڈے کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب بھر کی طرح سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ہیڈ کوارٹرز میں بھی پنجاب کلچرل ڈے کو بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب اور پوٹھوہار کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خوبصورت پروگرام ترتیب دیا گیا، اس ثقافتی تقریب کو سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے براہِ راست نشر کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس رنگارنگ تقریب سے مستفید ہو سکیں اور ثقافت سے جڑنے کا جذبہ فروغ پا سکے.

پروگرام کی میزبانی کے فرائض انسپکٹر نعمان رزاق (انچارج ایف ایم ریڈیو) نے نہایت احسن انداز میں سر انجام دیے، جنہوں نے پروگرام کی ترتیب، تسلسل اور معلوماتی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں پیش کیا ، تقریب میں معروف شاعر، ادیب اور براڈکاسٹر عابد حسین جنجوعہ نے شرکت کی اور اپنے کلام کے ذریعے سامعین کو پنجاب کی تہذیب، اقدار اور تاریخی پس منظر سے روشناس کرایا ،ٹریفک وارڈن یاسر، زاہد بخاری اور توصیف احمد کلیامی نے اپنے کلمات کے ذریعے پنجاب کی ثقافت کو نمایاں کیا، جبکہ پوٹھوہاری شعراء جیسے شیراز اختر مغل، فرید زاہد اور سب انسپکٹر نوید اسلم کہوٹ نے پوٹھوہار کے مخصوص ثقافتی رنگ بھر دیے.

تقریب میں علاقائی رنگ بھرنے کے لیے ٹریفک وارڈن چوہدری ذوالفقار( ستار نواز )و ہمنوا نے اپنی پرفارمنس پیش کی، جبکہ علاقائی موسیقی کو نمایاں کرنے کے لیے سینٹری ورکر لیاقت بھٹی نے بھرپور انداز میں حاضرین کو محظوظ کیا، پنجابی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن بابر شہزاد سٹوڈیو انجینئر ایف ایم نے ایک خوبصورت پنجابی مضمون پیش کیا، جس میں ثقافت، اخلاقیات اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا یہ اقدام نہ صرف ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کی ایک کاوش ہے بلکہ ایک دوستانہ اور ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل کی جانب بھی ایک مثبت قدم ہے۔