اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پولیس افسران کی کارکردگی کا فرداًفرداًجائزہ ،آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی شرح میں مزید کمی کے لئے تمام افسران کو اہم ٹاسک سونپ دیئے ،رواں سال جرائم میں20فیصد کمی آپ کی محنت ہی کی بدولت ممکن ہوئی ہے،تمام افسران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کمر کس لیں اور جرائم کی شرح میں مزید کمی لائی جائے ،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے رات گئے اہم اجلاس منعقد ہوئے ،جن میں سینئر پولیس افسران ،ایس ڈی پی اوز اور انچارج کرائم یونٹس موجود تھے، آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کی کارکردگی کا فرداًفرداًجائزہ لیا، انہوں نے تمام افسران کو جرائم کی شرح میں مزید کمی لانے کے لئے اہم ذمہ داریاں سونپی .
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام افسران جرائم کے انسداد کے لئے بھرپور محنت کریں ،رواں سال 2025میں جرائم کی شرح میں 20فیصد کمی آپ افسران کی محنت ہی کی بدولت ممکن ہوئی ہے، تمام افسران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کمر کس لیںاور جرائم کی شرح میں مزید کمی لائیں،تمام افسران اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کریں ،منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کئے جائیں ،معاشرے میں اس ناسور کو پھیلانے اور نوجوان نسل کی رگوں میں اس زہر قاتل کو اتارنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ رواں سال راہزنی کی وارداتوں میں 19فیصد،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 12 اور 74فیصد کمی واقع ہوئی ہے،تمام افسران راہزنی ،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کریں ،ان جرائم میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی فہرستیں بھی تیا ر کی جائیں اور ان کی نگرانی عمل میں لائی جائے ،تمام افسران گرفتار شدہ ملزمان کو موثر تفتیش اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں عدالتوں سے سزائیں دلوائیں اور ان جرائم پیشہ عناصر کے سدباب کو یقینی بنائیں،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں اینٹی کار لفٹنگ سیل اور تھانہ جات کی موثر کارکردگی کی بدولت گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 22فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے.
تمام افسران سابقہ ریکارڈ یافتہ گاڑی و موٹر سائیکل چور گروہوں کے گرد اپنا گھیرا مزید تنگ کریں اور عدم گرفتار ملزمان کی گرفتار ی کے لئے جاری کریک ڈاﺅن مزید تیز کیا جائے،شہرکے داخلی و خارجی راستوں ،کاروباری مراکز اور مارکیٹوں میں سیف سٹی کیمرہ جات کی مدد سے موثر نگرانی عمل میں لائی جائے، شہر میں موثر گشت کے عمل کو بڑھایا جائے اور گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں مزید کمی لائی جائے،سال 2025میں وفاقی دارلحکومت میں موثر پولیسنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کی بدولت سال 2024میں مقابلے میں 600 وارداتیں کم ہوئیں ہیں.
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرکمان اسلام آبادپولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں،اسلام آباد پولیس کی جرائم کے خاتمہ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت ضلع بھر میں روزانہ کی بنیادوں پرجرائم پیشہ عناصر، راہزنوں،ڈکیتوں ،گاڑی و موٹر سائیکل چوروں ،منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے ،شہریوں سے گزارش کہ وہ بہتر معاشرے کے قیام اور جرائم کے انسداد کے لئے اسلام آباد پولیس کا ساتھ دیں ،شہریوں کے تعاون کی بدولت ہی ایک پرامن اور جرائم سے محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے گا.