دوران سفر احتیاط، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ جانی نقصان سے بچاتے ہیں.سی ٹی او بینش فاطمہ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)وزیر اعلٰی پنجاب کے ویژن پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا نمل یونیورسٹی راولپنڈی کیمپس میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب، سی ٹی او راولپنڈی نے طلباء و طالبات کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیا ، تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ایجوکیشن ونگ کی جانب سے نمل یونیورسٹی راولپنڈی کیمپس میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے خود بھی شرکت کی اور شرکائے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیا۔

اس آگاہی سیمینار میں اساتذہ، طالبات و دیگر سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سی ٹی او راولپنڈی نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی ، زیبرا کراسنگ، ہیلمٹ کے فوائد اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سمیت ڈرائیونگ کے بنیادی اصول اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ شرکائے سیمینار کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دوران سفر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصانات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی گاہے بگاہے مختلف تعلیمی اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس دوران سی ٹی او راولپنڈی نے ویمن آن ویلز اور امپاورڈ ویمن پروگرامز کے حوالے سے بھی طالبات کو آگاہ کیا کہ وہ وویمن آن ویلز امپاورڈ ویمن پروگرامز میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں،جبکہ ویمن آن ویلز پروگرام میں دلچسپی رکھنے والی طالبات کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے ڈرائیونگ سیکھنے کی خواہشمند طالبات کے لیے اس پروگرام کی سہولت اسی یونیورسٹی میں بھی شروع کی جا سکتی ہے تاکہ طالبات کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہمارا مقصد معاشرے کی خواتین کوباشعور اور با اختیار بنانا ہے .

انہوں نے شرکاء سیمینارکو ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکول سے متعلق دیگر سہولیات و سپیشلائزڈ کورسز سے بھی آگاہ کیا انہوں نے طلباءوطالبات کو یہ بھی تاکید کی کہ مستقبل میں دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے صبر و تحمل سےڈرائیونگ کریں ، ڈرائیونگ کے دوران ہمیشہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کرتے ہوئے لین لائن ڈسپلن کو مدنظر رکھیں،آخر میں انھوں نے طلباءو طالبات کو دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کے شدید نقصانات اور اس سے ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع سے متعلق آگاہی دیتے ھوۓ کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا مہذب قوموں کی پہچان ہے۔