اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آبادپولیس کے غازیان کے اعزاز میں ریسکیو 15 فیلڈ آفس میں (ہفتہ غازیان) تقریب کا انعقاد ۔اسلام آباد کو پر امن شہر بنا کر پولیس فورس کا وقار بلند کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ہم اپنے غازیان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، دہشت گردی کی جنگ لڑنے والوں کو دی جانے والی مراعات ان کی قربانی کا نعم البدل نہیں،ایس ایس پی انو سٹی گیشن کا تقریب سے خطاب ۔
تفصیلا ت کے مطا بق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آبادپولیس کے غازیان کے اعزاز میں ریسکیو 15 فیلڈ آفس میں (ہفتہ غازیان) تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ، ایس ایس آپریشنز آسلام آباد محمد شعیب خان، ایس ایس پی سی ٹی ڈی حمزہ ہمایوں،زونل ایس پیز اور اسلام آباد پولیس کے غازیان نے شرکت کی،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اسلام آباد محمد عثمان طارق بٹ نے کہاکہ آج کا دن ہمارے لیے صرف باعث فخر باعث شکر نہیں بلکہ تجدید عہد بھی ہے،اپنی بہادری، فرض شناسی، قربانی کے جذبے سے سر شار جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو پر امن شہر بنا کر پولیس فورس کا وقار بلند کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں.
ملک و قوم کے خدمت کے دوران قربانی کا جذبہ کسی بھی قوم کے بہادر سپوتوں کو نصیب ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے غازیان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، ملک و قوم کے لیے قربانی دینے والوں کے خاندان بھی باعث احترام ہیں،انہوں نے کہا دہشت گردی کی جنگ لڑنے والوں کو دی جانے والی مراعات ان کی قربانی کا نعم البدل نہیں، اپنے آج کو دوسرے کے کل کے لیے قربان کرنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے.