وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت الٹنے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ ہوئی ہے، ان شا اللہ اس کے ثبوت فراہم کیے جائیں گے، اس میں ایجنسیز کی کوئی ناکامی نہیں ہے، وہ بھی بخوبی واقف ہیں، یہ بڑا مسئلہ ہے کہ لوگ وزارت خارجہ کا سوال بھی وزارت داخلہ سے کرنا چاہتے ہیں، شیخ رشید سے صرف وزارت داخلہ کا سوال ہی کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پنڈی والے ذمہ دار لوگ ہیں، وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے حالات سے بخوبی واقف ہیں، اگر انہوں نے غیرجانبداری کا مظاہرہ کیا ہے تو اچھی بات ہے، اگر ہم ہر چیز پنڈی والوں پر ڈالتے رہیں تو یہ بھی مناسب نہیں ہے، پنڈی میراحلقہ بھی ہے اس لیے یہ کہہ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ نے کل پاکستان کی سیاست کا بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، چوہدری شجاعت بڑے بھائیوں جیسے ہیں، چوہدری شجاعت نے کل رات کو بڑا جاندار بیان بھی دیا، اب بزدارصاحب کے استعفیٰ کا نوٹیفکیشن گورنر جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ قوم آج عمران خان کے ساتھ ہے، ان شا اللہ 3 تاریخ کو آخری بال تک عمران خان کھیلے گا، الیکشن کا رزلٹ جو بھی ہو لیکن اس وقت لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں، ہم تو پہلے ہی ساتھ ہیں۔
شیخ رشید نے کہا اب تو الیکشن کا سماں ہے، 31 تاریخ تک تقریریں ہوں گی اور 3 تاریخ کو ووٹنگ ہوگی، اتحادیوں کے بارے میں میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ (ق) لیگ ہمارے ساتھ آئے گی اور ان شا اللہ میری خواہش اور دعا ہے کہ ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ آئے، ایم کیو ایم کو فیصلہ بڑا فیصلہ کُن ہوگا، مجھے ابھی نہیں معلوم کہ ایم کیو ایم کیا فیصلہ کرے گی، میں اس مذاکراتی کمیٹی میں نہیں ہوں جو ایم کیو ایم سے مذاکرات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی میں انتظار کررہا ہوں، جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے انٹرنیشنل سازشیں اور سرمایہ کاری کی ہے وہ ان شا اللہ ناکام ہوں گے، یہ کھیل آخری گیند تک جائے گا، میری دعا اور کوشش ہے کہ 3 تاریخ کو اپوزیشن 172 بندے پورے نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مشورہ کرے یا نہ کرے لیکن میں ان کے ساتھ ہوں، ہم چچا بھتیجے کی بھی ایک دو سیٹیں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وقت آنے پر میں بلیک میل کرنا شروع کردوں۔
انہوں نے کہا کہ میں خود فوری الیکشن کا حامی ہوں، حج کے بعد الیکشن ہوجانے چاہیے، میری خواہش ہے کہ عمران خان ایک اچھا سا بجٹ دیں اور حج کے بعد الیکشن کا اعلان کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد پولیس، رینجرز، ایف سی اور حساس اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ تمام معاملات خیروعافیت سے نمٹ گئے ہیں، آج ایف سی اور کمشیر اور خیبرپختون خوا پولیس کو واپس بھیج دیا گیا ہے، اسلام آباد سے تمام کنٹینر ہٹا دیے گئے ہیں، 31 تاریخ کو رینجرز بھی واپس چلی جائے گی۔
وزیرداخلہ نے بتایا ہے کہ اس دوران ہم نے 4 دہشتگرد پکڑے ہیں، ان دہشتگردوں کے ناپاک عزائم تھے اور ان کے ساتھ 2 خود کش حملہ آور بھی تھے لیکن اللہ نے رحم کیا اور مجھے امید ہے کہ 3 تاریخ کو ووٹنگ کا دن بھی بخیروعافیت گزرے گا۔