سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق ادارے میں کام کرنے والے 65لوئرکیڈرملازمین کو بطور جونیئراسسٹنٹ ترقی دے دی گئی،

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق ادارے میں کام کرنے والے 65لوئرکیڈرملازمین کو بطور جونیئراسسٹنٹ ترقی دے دی گئی،اس حوالے سے ایک اہم تقریب سی ڈی اے ہیڈکوارٹرمیں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سی ڈی اے چیف کمشنراسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوا،ممبرایڈمنسٹریشن طلعت محمود،ترجمان سی ڈی اے نوازش علی عاصم،ڈائریکٹرایچ آر ڈی میڈم کنزیٰ افسر،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسدمحمود،چیف آرگنائزرمحمدعاصم ملک،ایڈیشنل چیئرمین اظہارعباسی،میڈیا کوآرڈینیٹرشاہد محمودستی و دیگرنے شرکت کی،اس موقع پرترقی پانے والے ملازمین میں لیٹرتقسیم کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوانے کہا کہ ترقی پانے والے تمام ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں.

تمام ملازمین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاکر ادارے کی ترقی اور شہریوں کی خوشحالی کے لیے ایمانداری اورنیک نیتی سے کام کریں،انھوں نے کہا کہ ہم تمام ملازمین کو ٹریننگ دلوائیں گے اور خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ملازمین کو پروموشنز دی جائیں گی،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے تمام ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2006میں سی ڈی اے بورڈ سے لوئرکیڈر ملازمین کے لیے تیس فی صد پروموشن کوٹہ مختص کروایا جس سے 2011میں سینکڑوں ملازمین کو ترقیاں دی گئیں،آج الحمدللہ میرٹ کی بنیاد پر ملازمین کوترقیاں دی گئی ہیں اس اقدام پر ہم چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا،ممبرایڈمنسٹریشن طلعت محمود اور سی ڈی اے انتظامیہ کے شکر گزار ہیں اور امیدکرتے ہیں کہ باقی ملازمین بھی محنت اور لگن سے ترقی حاصل کریں گے،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے لوئرکیڈر ملازمین کاپروموشن کوٹہ تیس فی صد سے بڑھا کر پچاس فی صدکرنے کے لیے چیئرمین سے درخواست کی جس کومنظورکر لیا گیا.