ڈیرہ غازی خان(نامہ نگار ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معطل کرنے کے حوالے سے بھارت کا بیان بچگانہ، احمقانہ اور غیر قانونی ہے کیونکہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی باہمی رضا مندی سے تو ختم کیاجاسکتا ہے،یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔1 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو 56 فیصد تک سستی بجلی فراہم کر رہے ہیں، وزارتیں چلانا آسان کام نہیں،عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پڑتے ہیں ، ہماری نوجوان نسل پر عزم اور باصلاحیت ہے انہیں آگے بڑھنے کے لئے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے،موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے اور انہیں ملک کا مفید شہری بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے دوسرے کانووکیشن اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سردار عمار اویس لغاری، اراکین صوبائی اسمبلی محمد حنیف پتافی،علی یوسف لغاری،صلاح الدین کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹری سردار اجمل چانڈیہ، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈاکٹر اشفاق احمد ،ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای سی قمر الزمان قیصرانی سمیت دیگر ان کے ہمراہ تھے۔سردار اویس احمد لغاری نے کہاکہ بھارت کے حوالے سے پاکستان کا موقف دوٹوک اور واضح ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی کے ایک ایک قطرے پر بنیادی حق ہے۔وفاقی وزیرتوانائی نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کے معطل کرنے کے حوالے سے بھارت کا بیان بچگانہ، احمقانہ اور غیر قانونی ہے کیونکہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی باہمی رضا مندی سے ختم تو کیا جاسکتا ہے مگر یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ اس بیان کے بعد عالمی سطح پر بھارت کے قد میں کمی ہوئی ہے اور بھارت مختلف ممالک میں دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔ بھارت کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں لوگوں کو مار رہا ہے۔سردار اویس لغاری نے کہاکہ یہ بات تو بالکل واضح ہے کہ پاکستان بھارت کی سوچ سے زیادہ تگڑا ہے اور اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے.
کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے اور ہم 1 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو 56 فیصد تک سستی بجلی فراہم کر رہے ہیں۔پہلے کسانوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سبسڈی نہیں ملتی تھی جس پر ہماری حکومت نے کام کیا اور اب کسانوں کو سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں نواز شریف ملک کے مدبر اور منجھے ہوئے سیاست دان ہیں،ہم ان سے رہنمائی لیتے رہتے ہیں اور انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے بھی اپنا کردار ادا کیا۔اویس لغاری نے کہاکہ ملک میں امن و امان کا قیام کوئی ضلع سطح کا مسئلہ نہیں یہ قومی سطح کا مسئلہ ہے،ہماری پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خاتمے تک اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔انہوں کہاکہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے سن لیں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری ہے۔ سردار اویس احمد لغاری نے کہاکہ ہماری نوجوان نسل پر عزم اور باصلاحیت ہے انہیں آگے بڑھنے کے لئے مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے،موجودہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے اور انہیں ملک کا مفید شہری بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ طالب علموں کو آگے بڑھنے کے لئے پختہ اور مستند سوچ رکھنی ہو گی۔
آج ہم پر فتن دور سے گزر رہے ہیں اور آجکل بغیر تحقیق کے غلط معلومات سوشل میڈیا و دیگر ٹولز سے وائرل کر کے نوجوان نسل کی ذہن سازی کی جارہی ہے،جس سے نوجوانوں کو چوکنا رہنا ہو گا۔انہوں کہاکہ میں یونیورسٹی کے طالب علموں کو ہدایت کروں گا کہ وہ قرآن مجید سے اپنا رشتہ مضبوط بنالیں کیونکہ یہ ہی وہ کتاب ہے جو ہمارے لئے نا صرف ہدایت کا سر چشمہ ہے بلکہ مکمل ضابطہ حیات بھی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق صدر مملکت اور میرے والد سردار فاروق خان لغاری نے بھی مجھے نصیحت کی تھی کہ قرآن پاک سے اپنا رشتہ مضبوط بنا لو ہر میدان میں کامیابی ملے گی۔انہوں نے کہاکہ آج کے کانووکیشن میں ڈگریاں لینے والے بچوں اور انکے والدین کے لئے یقینی طور پر خوشی کا دن ہے۔انہیں آگے بڑھنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے اور میں ان طالب علموں سے امید رکھتا ہوں کہ یہ جنوبی پنجاب اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا سے نکل کے سنجیدہ تاریخ پڑھو ، 1947 میں ہمارے آبا و اجداد نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا اور یہ ملک ہمیشہ رہنے کے لیے بنا ہے.
کیونکہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک سال کے قلیل عرصے میں بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، 50 ہزار اعزازی سکالرشپس ، ایک لاکھ دس ہزار سے زیادہ لیپ ٹاپس تقسیم کئے ہیں اور ہمارے ڈی جی خان کی غازی یونیورسٹی میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔انہوں کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 130 نئی بسیں خواتین کالجز کے لیے پورے پنجاب کے اندر دی ہیں ،اس کے علاوہ 26 نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت اور کامیابی کا سفر ابھی جاری ہے.