اسلام آباد ۔پہلگام واقعے کے بعد پاک-بھارت تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا میں پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی مہم جاری ہے۔
بھارت نے پہلے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی، اور اب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارتی حکام کی درخواست پر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی معطل کروا دیا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھارت کی جانب سے شکایت پر بند کیا گیا ہے، جو اُن کے مطابق، درحقیقت ہمارے موقف کی کامیابی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی لگائی گئی ہے، جن میں ملک کے معروف نیوز نیٹ ورکس جیسے ڈان نیوز، سما ٹی وی، اے آر وائی اور جیو نیوز بھی شامل ہیں۔
بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی، اور الزام لگایا گیا ہے کہ یہ چینلز بھارت کے سیکیورٹی اداروں اور افواج کے خلاف مبینہ طور پر گمراہ کن اور اشتعال انگیز مواد نشر کر رہے تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ اقدام بھارت کی اندرونی ناکامیوں اور پالیسی کی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے۔ بھارت نہ صرف پہلگام حملے کی حقیقت دنیا کے سامنے لانے میں ناکام رہا بلکہ اپنی سیکیورٹی کی ناکامیوں کا جواب دینے کے بجائے آزادی صحافت کو نشانہ بنا رہا ہے۔