وفاقی دارلحکومت اسلام آباد دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد نے محفوظ ترین شہروں میں لندن ،نیویارک ،اوسلو،سڈنی ،ماسکو ،ٹورنٹو اور بارسلونا جیسے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا،نمبیوکی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد دنیا کے380شہروں کے ورلڈ سیفٹی انڈیکس میں 93واں محفوظ ترین شہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد نے محفوظ ترین شہروں میں دنیا کے بڑے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا،ورلڈ سیفٹی انڈیکس نمبیو کے مطابق اسلام آباد کو 380شہروں میں93 واں محفوظ ترین شہر قرار دیا گیاہے ، اس سلسلے میں عالمی رینکنگ برائے سیفٹی انڈیکس کے مطابق اسلام آباد 67.9 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں 93 نمبرپر ہے جبکہ لندن 45.8 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ 270 پر، پیرس 41.9 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ 303 پر، برلن 55.3 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ 187 پر، ماسکو 64.6کے انڈیکس کے ساتھ 118 پر اور لاہور 63.1سیفٹی انڈیکس کے ساتھ 130نمبر پر موجود ہے،جبکہ اس سے قبل اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو اپنے عملے کے لئے فیملی اسٹیشن قرار دیاتھا،اسلام آباد پولیس نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر کمان شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور سال2024اور سال 2025کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی .

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ سال 2025کے دوران دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں کمی مو¿ثر پولیسنگ اقدامات، تمام افسران و جوانوں کی محنت اور کارکردگی کی بدولت عمل میں آئی، رواں سال جرائم کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں منشیات و شراب فروشوں اور ان کے سہولت کاروں سمیت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن عمل میں لایا گیا،سال 2025میں راہزنی کی وارداتوں میں 19فیصد، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 12اور74فیصد،گاڑی و موٹر سائیکل چوری میں22فیصد جبکہ قتل کے واقعات میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی ،اسی طرح سال 2025میں سال2024کی نسبت 600وارداتیں کم ہوئی ہیں، آئی جی پی اسلام آباد کی ہدایت منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے “نشہ!اب نہیں خصوصی تحریک چلائی گئی،اس تحریک کے تحت سینئر پولیس افسران نے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو منشیات کے نقصانات اور اس کے معاشرے خصوصاًنوجوان نسل پر پڑنے والے اثرات پر آگاہی فراہم کی .

جبکہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن عمل میں لاتے ہوئے ان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا گیا اور ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں منشیات بھی برآمد کی گئیں،اسی طرح وفاقی دارلحکومت کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے خصوصی کریک ڈاﺅن کیا گیا،غیرقانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری ،غیر قانونی اسلحہ وایمونیشن کی برآمدگی کے ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا،سال 2025میں اسلام آباد پولیس نے قومی و غیر ملکی وی وی آئی پیز اور وی آئی پیز کو سکیورٹی فراہم کی،اس کے علاوہ چیمپیئن ٹرافی،پاکستان سپر لیگ اور دیگر اہم ایونٹس کے دوران بھی اسلام آباد پولیس نے غیرملکی مندوبین ،سفارت کاروں اور دیگر شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی.