اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے قومی دفاع کے معاملے پر پارلیمانی اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا، جو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی لیڈر ہیں اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین بھی ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کا یہ کردار قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنائے گا اور ملک میں اتحاد و ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے سابق وزیراعظم کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد کے بارے میں تفصیلات بتائیں، جو باہمی مشاورت سے تیار کی گئی تھی اور جس میں قومی دفاع پر اتحاد کا اظہار کیا گیا تھا، نواز شریف ے زور دے کر کہا کہ اگرچہ جمہوریت میں اختلاف رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، لیکن قومی دفاع کے مفاد میں باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال دینا واقعی قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہےنواز شریف نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام سب سے بڑی ترجیح ہے، اور تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی قومی معاملات پر اسی طرح کا اتحاد دیکھنے کو ملے گا۔