وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ، صفائی ستھرائی اور ملازمین کی غیر حاضری پر سخت اقدامات کا اعلان

لاہور(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا، جس دوران انہوں نے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے نے فوری طور پر ڈویژنل میڈیکل افسر، صائمہ ممتاز کو معطل کرنے کا حکم دیا، جبکہ اسٹیشن پر ملازمین کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے اسٹیشن ماسٹر لاہور کو سرزنش کی۔وزیر ریلوے نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ آئندہ ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی جو عوامی سہولت اور معیاری خدمات کے خلاف ہوں۔ انہوں نے صوبائی فوڈ اتھارٹیوں کو ریلوے اسٹیشنوں پر بغیر کسی اجازت کے کھانے کے معیار کی چیکنگ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا، تاکہ عوام کو صحت مند اور معیاری کھانا فراہم کیا جا سکے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے اسٹیشن سے پیدل واشنگ لائن تک کا راستہ بھی طے کیا اور ملازمین کی کم تعداد کا سخت نوٹس لیا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے ریلوے کے گھروں سے تمام ملازمین کو فوری طور پر واپس بلانے کی ہدایت دی، تاکہ ریلوے اسٹیشن پر کام کی بہتر نگرانی اور انتظامی معاملات کو بہتر بنایا جا سکے، محمد حنیف عباسی نے کہا، “آج جو حالات ہیں، وہ من پسند بھرتیوں کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ ہم نے نرم مزاجی دکھا لی ہے، لیکن اب سختی کی جائے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ بد عنوانی کے کیسز ایف آئی اے کو بھجوائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا تدارک کیا جا سکے۔وزیر ریلوے نے لاہور میں واقع مزار بی بی پاک دامن پر حاضری بھی دی اور وہاں چادر چڑھائی، جس دوران انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ، وزیر ریلوے کے اس دورے کے دوران کیے گئے اقدامات سے ریلوے انتظامیہ میں بہتری لانے کی امید کی جا رہی ہے، اور عوامی سطح پر خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے.