پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان ہلال امتیاز حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی انجینیئر عامر خٹک

راولپنڈی (نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی انجینیئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کا سیدہ فاطمۃالزہرہ مہمان خانہ ایک شاندار اقدام ہے، ایسے دستر خوان پورے ملک میں قائم کرنے چاہیے۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان ہلال امتیاز حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔

زمرد خان ہلال امتیاز نے کمشنر راولپنڈی انجینیئر عامر خٹک صاحب کوفاطمۃ الزہرہ مہمان خانے میں خوش آمدید کہا اورانہیں مہمان خانے کے کیچن کا معائنہ کروایا اور ہسپتال میں اس کے قیام کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا ، انہوں نے کمشنر صاحب کو بتایا کہ اس ہسپتال میں جہلم، چکوال اور آزاد کشمیر جیسے دوردراز علاقوں سے مریض اور ان کے لواحقین آتے ہیں۔ انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ اپنے مریض کے ساتھ انہیں کتنا عرصہ قیام کرنا پڑ سکتا ہے۔اس لئے پاکستان سویٹ ہوم نے ان کے لئے اچھے ماحول میں صحت بخش کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

زمرد خان ہلال امتیاز نے بتایا کہ پاکستان سویٹ ہوم جلد یہاں ایک بلڈ بینک کا قیام اور مستحق اور لاوارث لاشوں کو دفنانے کی سروس بھی شروع کررہا ہے،کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک صاحب نے ان اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ فاطمۃ الزہرا دستر خوان بلا شبہ شاندار اقدام ہے، یہاں مستحق اور دور دراز علاقوں سے مریضوں کے علاج کے لئے آئے افراد کو اچھے ماحول میں عزت کے ساتھ کھانا کھلایا جاتا ہے۔

میں اور بہت سے دیگر لوگ پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ ہیں، مزید اہل ثروت افراد کو ساتھ ملایا جائے گا اور دستر خوان کا یہ سلسلہ نہ صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید بڑھایا جائے گا بلکہ اسے پورے ملک میں پھیلائیں گے۔اس موقع پر راولپنڈی انجینیئر عامر خٹک اور زمرد خان نے دستر خوان پر کھانا کھانے کے لئے آئے مہمانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ کھانا کھانے کے لئے آئے مہمانوں نے کمشنر سے ملاقات کی اور پاکستان سویٹ ہوم کے اس اقدام کو سراہا اور فراہم کئے گئے کھانے کی تعریف کی.