مصطفی/ایمپل لیونگ، کنٹری سائیڈ فارم ہاؤسز، ایگرو پارک اور گرین لیک سٹی، کے سائٹ دفاتر،باؤنڈری وال، روڈ انفراسٹرکچر، کرب سٹون اور فٹ پاتھ مسمار . ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی(نیوز رپورٹر) ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے چار غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں جن میں نشانِ مصطفی/ایمپل لیونگ، کنٹری سائیڈ فارم ہاؤسز، ایگرو پارک اور گرین لیک سٹی شامل ہیں، جو موضع بگہ شیخاں، چک بیلی خان، رتیال، رلہ گجراں، کُڑی خدا بخش روڈ راولپنڈی میں واقع ہیں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک اہم آپریشن کیا ہے۔

ترجمان آر ڈی اے کے مطابق، آپریشن کے نتیجے میں مذکورہ بالا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے سائٹ دفاتر،باؤنڈری وال، روڈ انفراسٹرکچر، کرب سٹون اور فٹ پاتھ کو مسمار کر دیا ہے۔ کریک ڈاؤن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے کی، جنہوں نے دھوکہ دہی کے طریقوں سے نمٹنے اور شہریوں کو استحصال سے بچانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی رہنمائی میں ہم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خاتمے کے لیے مضبوط انداز اپنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہاؤسنگ سکیم مالکان کی جانب سے زمینوں پر ناجائز قبضوں سے متعلق عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور زمینوں پر زبردستی قبضے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا اس کے علاوہ عوام الناس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ (www.rda.gop.pk) پر چیک کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔ غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈیویلپمنٹ کو روکنے کے لیے سابقہ وارننگ کے باوجود مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بکنگ دفاتر کا کام جاری رکھا ہوا تھا۔ آپریشن کے کلیدی ٹیم کے ارکان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا، آرڈی اے سکیم انسپکٹرز اور ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ تھانہ روات راولپنڈی کے اہلکار شامل تھے۔