کراچی(نیوز رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ کو ٹیلی فون کیا اور ملک کو درپیش اہم معاشی و دفاعی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک ہی رات میں دنیا کو اپنی دفاعی مضبوطی کا ثبوت دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہلِ وطن اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو اب ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے میدان میں آنا ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ بھارت کو تا ابد یاد رہنے والا سبق سکھانے کے لیے معاشی استحکام ناگزیر ہے۔انہوں نے کاروباری برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر ملکی معیشت کی بحالی میں کردار ادا کریں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، ہمیں مل کر حکومت اور افواج پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہو گئے تو بھارت کو عبرتناک شکست دینے کا موقع ہاتھ سے نہیں جائے گا۔گورنر سندھ نے ملک کے تمام بڑے کاروباری حضرات سے مطالبہ کیا کہ وہ سر جوڑ کر بیٹھیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے گورنر سندھ کی تجاویز کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔