اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انور چوہدری نے بھارت کے خلاف حالیہ کامیاب فوجی آپریشن اور مادرِ وطن کے بھرپور دفاع پر افواجِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا، “میں افواجِ پاکستان کو بھارت پر اس شاندار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں،” انہوں نے فوج کی طاقت اور حکمتِ عملی کی مہارت کو سراہا۔
انہوں نے مشکل حالات میں قوم کی جرات، اتحاد اور حوصلے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کرتے ھوئے کہا، “وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں قوم نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران غیر معمولی اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا۔” وزیر موصوف نے حکومت کے ٹھوس مؤقف اور افواجِ پاکستان کی آپریشنل مہارت کو اس کامیابی کا محرک قرار دیا۔
وفاقی وزیر جنید چوہدری نے کہا، “ہمارے بہادر شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ یہ فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنی سرزمین کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ، حالیہ کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا، “بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، وفاقی وزیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی پرامن پالیسی بدستور برقرار ہے، تاہم ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا.