اسلام آباد(کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد کی قیادت میں وفاقی پولیس میں مثبت اصلاحات کا سلسلہ جاری آئی جی اسلام آباد نے افسران کو سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے اور شہریوں کو تھانوں میں معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے،انوسٹی گیشن وِنگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھی ہدایات جاری۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق ،ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس میں جاری مثبت اصلاحات کا جائز ہ لیا، انہوں نے تمام افسران کو سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے اور شہریوں کو تھانوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے،انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں اور مختلف شعبہ جات کے سرپرائز وزٹس کریں گے تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر بہتری کے لئے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے تمام افسران کو انوسٹی گیشن وِنگ کی کارکردگی کو موثر بنانے کے لئے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں،اس موقع آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی، شفاف انکوائری، اور تھانوں میں پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی قیادت اسلام آباد پولیس کے نظام میں بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں.