ایس پی رخسار مہدی اسلام آباد پولیس میں 38سالہ سروس کے بعد ریٹائرڈ ہونے پر سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایس پی رخسار مہدی اسلام آباد پولیس میں 38سالہ سروس کے بعد ریٹائرڈ ، 1987میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اسلام آباد پولیس میں شمولیت اختیار کی،اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز میں اہم عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ریٹائرڈ افسر کو اعزازی پولیس شیلڈ پیش کی اور مستقبل کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا.

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس میں 38سالہ سروس کے بعد ریٹائرڈہونے والے سپرٹینڈنٹ آف پولیس رخسار مہدی کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پرتمام سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آباد نے ایس پی رخسار مہدی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد پولیس میں محنت ، لگن اورایمانداری کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دیں اور اسلام آباد پولیس کو ایک مثالی فورس بنانے کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.

انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ ہونے والے پولیس افسر نے اپنا زندگی کا قیمتی حصہ محکمہ پولیس میں گزار کر عوام کی خدمت کی ،اس کے بدلے محکمہ پولیس نے بھی آپ کو عزت،وقار اور ایک مقام دیا جس پر آپ کو اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے،ایس پی رخسار مہدی نے 1987بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اسلام آباد پولیس میں شمولیت اختیارکی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت مختلف عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دیں،ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں ایس پی سی آئی اے کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور ریٹائرمنٹ سے پہلے وہ بطور آرگنائزڈکرائم یونٹ /انوسٹی گیشن اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے تھے.

آئی جی اسلام آباد نے ریٹائرڈ ہونے والے پولیس افسر کو اعزازی پولیس شیلڈ اور تحائف پیش کئے اور ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،انہوں نے مزید کہاکہ رخسار مہدی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ انہوں نے فورس کی ساکھ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا.