پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن نے ریلوے اراضی کو ناجائز قبضے سے واگزار کرانے کے لیے کامیاب آپریشن

ملتان (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی سخت ہدایات پر اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت، پاکستان ریلوے ملتان ڈویژن نے ریلوے اراضی کو ناجائز قبضے سے واگزار کرانے کے لیے کامیاب آپریشن کیا۔

پاکستان ریلوے ملتان کے ڈویژنل سپریٹینڈنٹ ذوالفقار علی شیخ کے نگرانی میں ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ روز تین اہم مقامات – بستی درویش لاشاری، شادن لونڈ اور محسنوالا ریلوے اسٹیشنز پر قبضہ کی گئی 40 مرلے کمرشل اراضی کو واپس حاصل کیا ، اس اراضی کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 25 لاکھ روپے ہے، جسے مکمل طور پر ناجائز قبضے سے بچا لیا گیا۔ اس آپریشن میں اے ای این، انچارج ورکز اور ریلوے پولیس کے افسران سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

پاکستان ریلوے کے حکام نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اس قسم کے آپریشنز کا تسلسل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ریلوے اراضی کو کسی بھی صورت میں ناجائز قبضے سے بچایا جا سکے۔ پاکستان ریلوے کا عزم ہے کہ وہ اپنی قیمتی اراضی کو غیر قانونی قبضے سے محفوظ رکھے گا.