وزارت ہاؤسنگ کے ماتحت نیا ادارہ پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی بنا کر الزام شدہ کرپٹ ادارے پی ڈبلیو ڈی کے 21 افسران تعینات

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر )وزارت ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے پر پی ڈبلیو ڈی کو کرپشن کے باعث ختم کرنے کے دعوے کے بعد وفاقی حکومت نے ممبران قومی اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں اور دیگر منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے وزارت ہاؤسنگ کے ماتحت نیا ادارہ پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی بنا کر الزام شدہ کرپٹ ادارے پی ڈبلیو ڈی کے 21 افسران کو تعینات کردیا۔ کمپنی کا دفتر سابقہ پی ڈبلیو ڈی آفس کے دو فلور پر بنائے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاک پی ڈبلیو ڈی ادارے اور اس میں تعینات افسران پر الزام عائد کیا تھا.

کہ یہ ایک کرپٹ ادارہ ہے لہذا اس کو ہم ختم کر دیں گے جس کے بعد اربوں روپے کے ترقیاتی سکیموں منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت نے ملک بھر کے صوبائی اداروں کو یہ ترقیاتی اسکیمیں اور منصوبے دے دیے۔ذرائع نے بتایا کہ ترقیاتی سکیمیں اور منصوبے دوسرے محکموں کودینے کے بعد اراکین قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء کو کافی مشکلات کا سامنا تھا جس پر وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ کو پی ڈبلیو ڈی کی جگہ ایک نئے نام سے ادارہ بنانے کا کہا جس کے بعد وزارت ہاؤسنگ نے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی (PIDCL) کا نام تجویز آیا اور اس کو بعد میں منظور بھی کرلیاگیا ۔نئی کمپنی نے منظوری کے بعد اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ڈبلیو ڈی میں کام کرنیوالے 21افسران جن پر کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے تھے کی خدمات دوبارہ حاصل کرلی گئی ہیں.

ان افسران میں ایکسیئن،سب انجینئرز ،ایس ڈی اوز ،چیف انجینئرز و دیگر شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی ڈی سی ایل میں تعینات ہونے والے متعدد افسران کے خلاف کرپشن کی انکوائریاں چل رہی ہیں دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ڈیویلپمنٹ کمپنی کا دفتر بنانے کے لیے وزارت ہاؤسنگ نے پی ڈبلیو ڈی کے دفتر کے دو فلور دینے کے لیے غور شروع کر دیا ہے امکان ہے کہ اس ڈیویلپمنٹ کمپنی کا دفتر سابق پی ڈبلیو ڈی افس میں بنائے جانے کا امکان ہے.