کراچی(سٹٍاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دشمن ملک بھارت نے اپنی مرضی سے جنگ مسلط کی مگر افواجِ پاکستان نے بروقت اور منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تشکر کے موقع پر بانی پاکستان کے مزار کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں، انہوں نے یومِ تشکر کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ اس موقع پر قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی اور ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر منتخب نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گورنرسندھ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دل میں آزادی کی قدر کا احساس بڑھاتی ہے۔گورنر سندھ نے ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک پُرامن قوم ہیں، جنگ نہیں چاہتے، مگر وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ بھی قبول نہیں۔ الحمدللہ پوری قوم سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر سرخرو ہوئی۔گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت خطے میں بالادستی چاہتا تھا، مگر ہماری مسلح افواج نے اُس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔