اسلام آباد (سٹٍاف رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس نے ہفتہ کے روز ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ اور ممبر اسٹیٹ کے ہمراہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران سمیت کنسلٹنٹس، آرکٹیکٹس اور پراجیکٹ ڈرایکٹر نے چیئرمین سی ڈی اے کو جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کے بارے میں تازہ ترین ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔
چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایت کے مطابق جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا اب تک 85 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کے سڑکچرل ورک کی فنشنگ کا آغاز کیا جاچکا ہے جیسے دی گئی ڈیڈ لائن کے اندر ہی مکمل کرلیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جناح سکوائر انڈر پاس کی بیوٹیفکیشن کیلئے ہارٹیکلچر سمیت الیکٹریکل ورک کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ متعلقہ افسران نے بریفننگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ منصوبے کے ڈرینج سسٹم، روڈ ورک کے ساتھ اسفالٹ کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت 24/7 کام کو یقینی بنا کر رفتار کو مزید تیز کیا جائے اس سلسلہ میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور کوالٹی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور ماحول دوست خوبصورت پودے لگانے سمیت مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور شہریوں کو ایندھن بچانے میں بھی مدد ملے گی اور اس منصوبے کی تکمیل سے انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد تا مری و کشمیر تک مسافروں کو سگنل فری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے سی ڈی اے اس منصوبہ کی بروقت تکمیل سے اہم سنگ میل عبور کرنے جارہا ہے