اسلام آباد (کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹرز میں تھلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کا خصوصی مطالعہ جاتی دورہ منعقد کیا گیا۔ اس دورے کا اہتمام معروف فلاحی ادارے سندس فاؤنڈیشن نے کیا، جو تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی مدد اور آگاہی کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ نے بچوں کا پرجوش استقبال کیا اور ہر بچے سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کی صحت اور خیریت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے حوصلے اور ہمت کی تعریف کی۔ڈی جی ایف آئی اے نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہایت اہم فلاحی کام سرانجام دے رہا ہے اور تھلیسیمیا کے بارے میں آگاہی اور علاج کی فراہمی کے حوالے سے اس کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
دورے کے دوران بچوں کو ایف آئی اے کے مختلف شعبہ جات کا تعارف بھی کروایا گیا، جس سے انہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے کام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔یہ دورہ نہ صرف بچوں کے لیے خوشی اور حوصلے کا باعث بنا بلکہ ان کے لیے ایک تعلیمی تجربہ بھی ثابت ہوا۔