خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 18 اضلاع میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ای سی پی میں رجسٹرڈ 80 لاکھ سے زائد افراد بطور ووٹر انتخابی عمل میں حصہ لینے کے اہل ہیں، ان میں 35 لاکھ 60 ہزارخواتین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ صوبے کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب کے لیے ووٹنگ 19 دسمبر کو ہوئی تھی۔
دوسرے مرحلے کے انتخاب کے لیے پولنگ ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پلاس، کوہستان، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئر اور اپر دیر، اپر اور لوئر چترال، کرم، اورکزئی کے علاوہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں جاری ہے۔
ای سی پی کے مطابق سٹی اور تحصیل کونسلوں میں میئر اور چیئرمین کی 65 نشستوں جبکہ ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کی ایک ہزار 830 نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔
ان نشستوں پر مجموعی طور پر 28 ہزار 20 امیدوار میدان میں اترے ہیں، جن میں سے 651 سٹی اور تحصیل کونسلز کے میئرز اور چیئرمینوں کی نشستوں کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ولیج اور نیبرہوڈ کونسلوں کی جنرل نشستوں کے لیے12 ہزار 980 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں وی سی این سیز میں خواتین کے لیے مخصص نشستوں پر 2 ہزار 668 امیدوا، کسانوں کے لیے مخصوص نشستوں پر 6 ہزار 451، نوجوانوں کے لیے 5 ہزار 213 اور اقلیتوں کے لیے مختص نشستوں پر 57 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
الیکشن کیمشن نے انتخابات کے لیے 6 ہزار 176 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں، جن میں سے ایک ہزار 246 پولنگ اسٹیشنز خواتین اور ایک ہزار 164 مردوں کے لیے ہیں جبکہ 3 ہزار 766 مشترکہ ہیں۔
کمیشن نے ایک ہزار 646 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 2 ہزار 326 کو حساس قرار دیا ہے۔