اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)ریلوے حکام کا کہنا ہے کے ریلوے پاکستان نے کسی بھی قانونی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی، اور اپنی زمین پر قبضہ مافیا کے خلاف موثر اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی زمین واگزار کرا لی ہے۔ حکام ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے کو اپنی زمین واپس کرانے کا مکمل قانونی حق حاصل ہے اور اس حق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ ریلوے پر بے بنیاد الزامات عائد کرے۔ نرسریاں قانونی ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے ہٹائی گئی ہیں۔
قبضہ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ریلوے نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کیے بغیر اپنی زمین اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ اس حوالے سے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جو زمین کی بازیابی کے ہر اینچ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ریلوے حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور زمین کی بحالی کے عمل میں شفافیت اور عدل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف عدالتوں میں موثر مقدمات دائر کیے گئے ہیں اور ہر قانونی راستہ اختیار کیا جا رہا ہے تاکہ ریلوے کی زمین کی مکمل بازیابی ممکن ہو سکے۔
کورٹ کے کسی بھی فیصلے میں حکم امتناعی جاری نہیں کیا گیا اور مقدمہ مدلل دلائل سننے کے بعد مکمل طور پر ریلوے کے حق میں فیصلہ دیا گیا ہے۔ ریلوے نے زمین کی بازیابی کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے ہیں اور غیر قانونی یا عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی راستے کو قبول نہیں کیا گیا۔ریلوے پاکستان اپنے اس قومی اثاثے کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی ریلوے کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف یہ جنگ جاری رہے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے.