ایف آئی اے میڈیا ونگ کی جانب سے نائیکون کالج راولپنڈی میں آگاہی سیشن کا انعقاد

اسلام آباد ( کرائم رپورٹر)انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ کے موضوع کے تحت ایف آئی اے کے میڈیا ونگ نے نائیکون گروپ آف کالجز، راولپنڈی کیمپس میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا اس سیشن کا مقصد طلباء اور اساتذہ کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور انسانی اسمگلروں کے دھوکہ دہی پر مبنی طریقہ سے آگاہ کرنا تھا۔ سیشن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہجرت ہمیشہ قانونی، محفوظ اور باخبر فیصلے کے طور پر کی جانی چاہیے۔

ایف آئی اے حکام نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی بیرون ملک ملازمتوں کے اشتہارات سے متعلق حقیقی واقعات اور حالیہ رجحانات پر روشنی ڈالی۔ طلباء کو ہدایت دی گئی کہ وہ بیرون ملک ملازمت کے اشتہارات کی تصدیق کریں اور کسی بھی فیصلے سے پہلے مجاز سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔

یہ سیشن ایف آئی اے کی اُس وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا اور معاشرے کو انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کے خلاف مضبوط بنانا ہے۔ سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی منعقد ہوا، جس میں طلباء نے بھرپور شرکت کی، سوالات کیے اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کرنے کا عزم کیا۔