اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی وزارت ریلوے میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے اِہم ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پنجاب اسمبلی کے موجودہ اسپیکر ملک محمد احمد خان نے آج وزارت ریلوے میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پنجاب حکومت اور وزارت ریلوے کے درمیان جاری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں ملک محمد احمد خان نے صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور ریلوے کے شعبے میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا اور وزارت ریلوے کے ساتھ تعاون کو پنجاب کی ترقی میں کلیدی کردار قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے نظام میں اصلاحات ممکن ہوں گی بلکہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے پنجاب حکومت اور وزارت ریلوے کے مابین موجودہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت ریلوے کے شعبے میں جاری اصلاحات کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے گی۔وفاقی وزیر ریلوے جناب محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزارت ریلوے پنجاب کے ساتھ مضبوط تعاون کے ذریعے ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریلوے کے نظام کو جدید بنانے اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی گہرائی سے بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے ملک میں استحکام اور ترقی کے لیے حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔آخر میں، دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھنے کا عزم کیا