وفاقی وزیر جنید انوار چوھدری کا ساحلی کمیونٹیز کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق اور باصلاحیت طلباء کے لیے میرٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان میں وزیر موصوف نے کہا کہ یہ فنڈ سماجی و تعلیمی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا جا رہا ہے تاکہ مارجنلائزڈ ساحلی اور ماہی گیر برادریوں کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا یہ اقدام ایک باصلاحیت اور ہنر مند میرٹائم ورک فورس کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا جو ملک کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ اس فنڈ کا قیام قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کی سفارشات کے مطابق کیا جا رہا ہے اور یہ حکومت کے تعلیم کے ذریعے ساحلی برادری کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا میرٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ہمارے پائیدار انسانی وسائل کی ترقی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ آج ہم ساحلوں پر آباد بچوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کر کے کل کے ایک مضبوط اور خوشحال میرٹائم سیکٹر کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

وزیر نے مزید کہا کہ اس فنڈ کی مالی معاونت وزارت کے ماتحت اداروں سے حاصل ہونے والے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی فنڈز کو ازسرنو ترتیب دے کر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی ایک پائیدار اور مربوط فنڈنگ ماڈل کی تشکیل کا باعث بنے گی، جو طویل مدتی تعلیمی مواقع کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ اس فنڈ کے نظم و نسق کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو شفافیت، منصفانہ اسکالرشپ کی تقسیم اور مؤثر نگرانی و جانچ کے اصولوں پر عملدرآمد کرے گی۔

ابتدائی طور پر یہ فنڈ ساحلی کمیونٹیز پر مرکوز ہوگا، تاہم مستقبل میں اس کا دائرہ کار قومی سطح پر وسعت اختیار کرے گا۔ وزیر نے مزید کہا یہ اقدام ایک تعلیم یافتہ، بااختیار اور خوشحال میرٹائم کمیونٹی کے خواب کی تعبیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس فنڈ کا آغاز وزارت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ساحلی آبادیوں کو بااختیار بنانا اور تعلیم، مواقع اور حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کی میرٹائم صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے.