اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے پاک سیکرٹریٹ کے ملازمین اور وزٹرز کو درپیش پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے مختص کئے گئے نئے پارکنگ ایریا کا اچانک دورہ کیا۔ ممبر انجیرنگ سید نفاست رضا نے چیئرمین سی ڈی اے کو نئی سیکرٹریٹ پارکنگ کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفننگ دی۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پارکنگ تقریباً 1,33,729 مربع فٹ کے وسیع رقبے پر تعمیر کی جا رہی ہے جس میں بیک وقت 1000 سے زائد گاڑیاں کھڑے کرنے کی گنجائش ہوگی۔ اس منصوبے سے نہ صرف پاک سیکرٹیریٹ کے ملازمین بلکہ وزٹرز اور قریبی سرکاری دفاتر کے افراد کو بھی پارکنگ کے طویل عرصے سے جاری مسئلے سے نجات ملے گی۔ بریفننگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ یہ پارکنگ ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی اپنی میشنری، صلاحیتوں، تیکنیکی مہارتوں، افرادی قوت اور وسائل کو بروئے کار لاکر تعمیر کی جا رہی ہے، جو ادارے کی خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے انجنئیرنگ ونگ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ادارے کی اپنی مشینری، تکنیکی مہارت اور افرادی قوت کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ سی ڈی اے کے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہری مسائل کے حل کی بہترین مثال ہے، جو دارالحکومت کے سرکاری دفاتر اور عوام کو درپیش پارکنگ کے چیلنجز کو مؤثر طریقے سے حل کرے گا۔ دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ پارکنگ منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں، جو ادارے کی بہتر کارکردگی اور صلاحیت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف فوری شہری مسئلے کا حل پیش کرے گا بلکہ سی ڈی اے کی مختلف ونگز کو بااختیار بنا کر طویل المدتی پائیدار حل کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے انجنئیرنگ ونگ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبہ کی تکمیل سے پاک سیکرٹریٹ کے ملازمین اور وزیٹرز کے پارکنگ سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔