سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرنے کا فیصلہ”محفوظ پنجاب” کے وژن کی تکمیل کی جانب اہم قدم ،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خواب “محفوظ پنجاب” کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سینئر افسران کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مخصوص سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ ایف آئی آرز کا اندراج کیا جاۓ گا، ان خلاف ورزیوں میں ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی، ون وے کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ، تجاوزات اور کم عمر ڈرائیونگ شامل ہیں .

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیونگ کی صورت میں بچوں کے والدین کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاۓ گی کیونکہ کم ڈرائیورز سڑکوں پر نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ اکثر و بیشتر بڑے حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “ہماری اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دراصل معاشرتی نظم و ضبط کے خلاف بغاوت ہے، اور ہم کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھتے۔”انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے دینا والدین کی سنگین غفلت ہے، جس کا خمیازہ پورا معاشرہ بھگتتا ہے۔ اب ایسے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور “محفوظ پنجاب” مشن کا حصہ بنیں۔

قانون کی پاسداری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اس اقدام کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ایک محفوظ ٹریفک ماحول تشکیل دینا ہے، جہاں ہر شہری بلا خوف سفر کر سکے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کے لیے آگاہی مہمات بھی جاری رکھے گی تاکہ انہیں ان قوانین کی وجوہات اور فوائد سے بخوبی آگاہ کیا جا سکے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ایک محفوظ، مہذب اور قانون پسند معاشرہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور عوامی تعاون ہی ہماری اصل طاقت ہے۔