عیدالاضحیٰ 2025 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (ICT) اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد

اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر ) عیدالاضحیٰ 2025 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (ICT) اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے، ضلعی بلدیاتی انتظامیہ (DMA)، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر بھر میں صفائی ستھرائی، عوامی تحفظ اور چھ (6) مویشی منڈیوں کے مؤثر انتظامات پر خصوصی غور کیا گیا۔ سی ڈی اے کے شعبہ صفائی، ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور انسداد تجاوزات ڈیپارٹمنٹ، ICT اور DMA کے اشتراک سے صفائی مہم کا آغاز کرے گا، جس کے تحت 2 لاکھ بائیو ڈیگریڈیبل (خود تلف ہونے والے) تھیلے شہریوں میں تقسیم کیے جائیں گے تاکہ جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جا سکے۔

عید کے ایام میں تمام آپریشنز کی نگرانی کے لیے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عیدگاہوں، بازاروں اور تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مویشی منڈیوں میں مفت ویٹرنری کیمپ بھی لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو سہولیات میسر آئیں۔عید کے موقع پر امن و امان اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل سیکیورٹی اور ٹریفک پلان مرتب کیا جائے گا۔ اہم تجارتی مراکز پر پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک خصوصی پارکنگ پلان بھی ترتیب دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو ،سی ڈی اے کے شعبہ صفائی کی جانب سے ایک جامع آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ شہریوں کو جانوروں کی آلائشوں کو مقررہ مقامات پر تلف کرنے کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ سی ڈی اے صفائی کا مناسب بندوبست کرے گا تاکہ عید کے دنوں میں شہر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایمان، عبادت، اللہ سے قربت، اتحاد، ہمدردی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ یہ خاندانوں کے یکجا ہونے، تعلقات مضبوط بنانے اور اجتماعی عبادات اور خوشیوں میں شرکت کا موقع ہے۔ سی ڈی اے شہریوں کو عید کے دنوں میں بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔عوامی تفریح کے فروغ کے لیے لیک ویو پارک اور دامن کوہ کو فیملی پارکس قرار دیا گیا ہے جبکہ مری ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عید کے دنوں میں ٹریفک کے مؤثر انتظامات بھی کیے جائیں گے۔