گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے میمن خدمت فورم کے اعزاز میں پروقار تقریب

کراچی(سٹا ف رپورٹر )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے معروف فلاحی ادارے میمن خدمت فورم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس کراچی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد میمن خدمت فورم کی دہائیوں پر محیط فلاحی، رفاہی اور انسانیت دوست خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا:میمن خدمت فورم نے جس خلوص، لگن اور جذبے سے برسوں سے دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے، وہ قابلِ تقلید ہے۔ ایسے ادارے ہماری سماجی اقدار کو زندہ رکھتے ہیں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔

گورنر نے میمن خدمت فورم کی مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ: “چاہے اسلام آباد میں صفہ سویٹ ہوم ہو، زینب ری ہیبیلیٹیشن سینٹر ہو یا کراچی میں درجنوں رفاہی منصوبے—میمن خدمت فورم ہر مقام پر نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف حکومت کا سہارا ہیں بلکہ سرکاری فلاحی نظام کے بھی قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں۔تقریب کے دوران گورنر سندھ نے چیئرمین میمن خدمت فورم حاجی مسعود پاریکھ کو ان کی طویل اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس کے علاوہ فورم کے دیگر اہم اراکین کو بھی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں شامل تھے:وائس چیئرمین یحییٰ پولانی
حاجی عرفہ ، شمیم چاندنہ ، ریحان چاؤلہ ، حاجی ہارون ، امین شریف ، عارف پنجابی ، اے کے میمن.

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا: میمن خدمت فورم کا جذبہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ایسے اداروں کے ساتھ مل کر معاشرتی بہتری کی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور فورم کی خدمات کو سراہا۔