رواں سال کے دوران76ہزار سے زائدشہریوں کو مختلف خدمات فراہم کیں ،جن میں شہریوں کو کر یکٹر سر ٹیفکیٹ کا اجرا، و دیگر شامل ہیں .آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اسلام آباد پولیس بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید طرز پولیسنگ پر گامزن پولیس خدمت مراکزنے رواں سال کے دوران76ہزار سے زائدشہریوں کو مختلف خدمات فراہم کیں ،جن میں شہریوں کو کر یکٹر سر ٹیفکیٹ کا اجرا،جنرل پولیس ویریفکیشن،سامان کی گمشدگی رپورٹ، غیر ملکیوں ، کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اسلام آباد پولیس کے تمام افسران کو شہریوں کو ہر سطح پر بہترین سہولیات مہیا کرنے سمیت بہترین سروس ڈیلیوری کو ممکن بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں تھیں،جبکہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت میں شہریوں کی سہولیا ت کیلئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے اوربین الاقوامی معیار کے مطابق جدید طرز پولیسنگ پر گامزن ہے،اس ضمن میں رواں سال کے دوران شہر کے مختلف علاقہ جات میں قائم خدمت مراکزپر 76ہزار 400شہریوں کو مختلف خدمات مہیا کیں، جن میں کریکٹر سرٹیفکیٹ کا اجرا، غیر ملکیوں، کرایہ داروں اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن ، سامان گمشدگی کی رپورٹ ، گاڑیوں کی تصدیق اورجنرل پولیس ویریفکیشن سمیت دیگر سروسزشامل ہیں،پولیس خدمت مراکز نے شہریوں کوبعدازمکمل تصدیق 16ہزار سے زائدکریکٹر سر ٹیفکیٹ، 14ہزار495جنرل پولیس ویریفکیشن سرٹیفکیٹ اور 6557 اخراج سر ٹیفکیٹ جاری کئے .

جبکہ 3906 سامان گمشدگی،2672 کرایہ داری اور گھریلو ملازمین کا اندراج،2798 گاڑیوں اور29ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کی تصدیق کی گئی،شہریوں کو انکی دہلیز پر تمام سہولیات مہیا کرنے کیلئے پولیس خدمت مراکز سمیت موبائل سہولت وین بھی کام کر رہی ہے، یہ خدمت مراکز سیکٹرز ایف سکس، جی ٹین،ایچ الیون، بنی گالہ، سواں گارڈن اور جی چودہ کے علاوہ ماڈل تھانہ جات میں بھی سہولیات فراہم کررہی ہیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے پولیس خدمت مراکز میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے، جو پاکستانی شہریوں اور غیر ملکیوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے میں کوشاںہیں.