وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت راولپنڈی میں روڈ سیفٹی اقدامات تیز سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی دلچسپی سے آگاہی ورکشاپس جاری

راولپنڈی (کرائم رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب کے ویژن اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی دلچسپی کی بدولت، ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس راولپنڈی میں ہیوی، پبلک سروس، ٹریکٹر ٹرالی اور بائیکیا رائیڈرز کے لیے گزشتہ کئی مہینوں سے جاری آگاہی ورکشاپس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے اب تک 2500 سے زائد پبلک سروس ڈرائیورز کو تربیت دی ہے، جنہیں ٹریفک حادثات کی وجوہات، نقصانات اور بچاؤ سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ ان ورکشاپس کا تسلسل جاری ہے، جس کا واضح ثبوت شہری حدود میں مہلک حادثات میں نمایاں کمی ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ شہری علاقوں میں 03 اور دیہی علاقوں میں 05 مہلک حادثات رونما ہوئے،اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں ہونے والے حادثات میں سے 03 ہیوی ڈرائیورز کی لاپرواہی، 03 موٹر سائیکل سواروں کی تیز رفتاری، 01 گاڑی کی تکنیکی خرابی اور 01 ڈرائیور کے غلط یوٹرن لینے کے باعث پیش آئے.

جن کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ ان حادثات میں 10 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں،اس کے ساتھ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ریسکیو 1122 کے ساتھ طویل المدتی تعاون کا آغاز کیا ہے تاکہ حادثات کے مقامات (Hotspots) کی نشاندہی کی جا سکے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ان واقعات میں کمی لائی جا سکے۔ ان مقامات پر خصوصی ڈیوٹی، رفتار پر نظر رکھنے والے کیمرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔،چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ روڈ سیفٹی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور سٹی ٹریفک پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر FIRs کے اندراج جیسے سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ٹریفک قوانین سے آگاہی، ان پر عملدرآمد اور صبروتحمل سے ڈرائیونگ ہی محفوظ سڑکوں کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات میں بھرپور تعاون کریں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔