اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام گلوبل پیرنٹس ڈے کے حوالے سے تقریب

اسلام آباد (کرائم رپورٹر ) اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام گلوبل پیرنٹس ڈے کے حوالے سے تقریب۔تقریب میں اسلام آباد پولیس کے مرد و خواتین افسران اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی،یکم جون والدین کی محبت، قربانی اور شفقت کو خراج تحسین دینے کا دن ہے،سینئر پولیس افسران نے والدین کی قربانیوں، کردار سازی میں ان کے کردار اور خاندانی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام کیپیٹل پولیس کالج میں گلوبل پیرنٹس ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں اسلام آباد پولیس کے مرد و خواتین پولیس افسران اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی،شرکاءتقریب نے والدین کی عظمت، کردار اور تربیت کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر اسپیشل انیشییٹوز شمس الحق درانی اور ایس پی کیپیٹل پولیس کالج نجیب شاہ نے بھی خصوصی خطاب کیا،دونوں افسران نے والدین کی قربانیوں، کردار سازی میں ان کے کردار اور خاندانی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا،انہوں نے کہا کہ یکم جون والدین کی محبت، قربانی اور شفقت کو خراج تحسین دینے کا دن ہے، والدین بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتے ہیں .

ان کی دعائیں، تربیت اور توجہ ہی بچے کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتی ہیں،دونوں افسران نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم والدین کو تعلیم و تربیت کے ہر سفر میں اپنا اصل شراکت دار سمجھیں، تاکہ ہر بچہ علم، کردار اور اعتماد میں بہترین ہو،والدین کے ساتھ مضبوط رابطہ اور ان کا اعتماد ہمارے تعلیمی نظام کو مضبوط بناتا ہے،انہوں نے شرکاءتقریب سے مزید کہا کہ وہ اپنے والدین کا احترام کریں، ان کے ساتھ وقت گزاریں اور ان کی دعاو¿ں کو اپنا اثاثہ سمجھیں۔