گرمی کی شدت،پی ایچ اے راولپنڈی کے پارکوں اور گرین بیلٹس پر پھول،پودوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات،ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی گرمی کی شدت میں ہوشربا اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے،شہر میں ہیٹ ویو کے پیش نظر،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے پارکوں اور گرین بیلٹس پر لگے ہوئے پودوں اور پھولوں کو موسم کی شدت سے بچانے اور اسی ضمن میں انکی نگہداشت کے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر پارکوں اور گرین بیلٹس پر سجاوٹ،خوبصورتی اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لئے لگائے گئے پھول،پودوں کی حفاظت کے لئے خصوصی ہدایات کی ہیں،ہیٹ ویو کے چلتے پارکوں اور گرین بیلٹس پر پھول،پودوں کی تازگی کو برقرار رکھنے کے لئے پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے باقاعدگی سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،اس کے ساتھ ساتھ پودوں کی نگہداشت اور تیز دھوپ سے بچانے کے لئے ہارٹیکلچر کا کام بھی سرانجام دیا جا رہا ہے،اس کے علاوہ پی ایچ اے کی جانب سے گرمی کی شدت کے پیشِ نظر پارکوں میں پرندوں کو پانی پلانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے.

ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے گرمی کی شدت کے پیش نظر شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا،انکا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو کے اثرات کو کم کرنے کے لئے شجرکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے،سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے درخت اور سرسبز پودے لگانا ایک احسن اقدام ہے،انھوں نے کہا کہ عوام کو چاہئیے کہ درخت لگانے کو ایک قومی فریضے کے طور پر سرانجام دیا جائے،سرسبز ماحول سے ہی موسم کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے،پی ایچ اے راولپنڈی بھی اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھا رہا ہے،عوام کا تعاون درکار ہے،انھوں نے کہا کہ سرسبز ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے پی ایچ اے کا عملہ نہایت محنت اور لگن سے اپنا کام سرانجام دے رہا ہے.

ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اور تفریح کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،راولپنڈی کو سرسبز بنانے کے مشن پر کاربند ہیں،راولپنڈی کو خوبصورت بنانے،شجرکاری کو فروغ دینے اور عوام کو ایک اچھا تفریحی ماحول فراہم کرنے کےلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں،احمد حسن رانجھا نے کہا کہ درخت نہ ہوں تو موسم گرم اور گلوبل وارمنگ میں اضافہ ہوسکتا ہے،جان لیوا ہیٹ ویو اور موسمیاتی تبدیلیوں کےپیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت اگانے کی ضرورت ہے،اس ضمن میں پی ایچ اے سرگرمِ عمل ہے،چاہتے ہیں کہ عوام کو صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کریں تاکہ ہیٹ ویو اور موسم کی شدت کے اثرات کو کم کیا جا سکے،انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق راولپنڈی شہر میں شجرکاری کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے.