فرزندانِ قائدِ ملت جعفریہ کے وفد کی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) فرزندانِ قائدِ ملت جعفریہ کے ایک معزز وفد نے وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی رحمہ اللہ کے جانشین آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ وفد میں ممتاز علمائے کرام اور مذہبی شخصیات شامل تھیں ،ملاقات میں مولانا تصور حسین نقوی (چیئرمین ائمہ مساجد)، مولانا مطلوب تقی (چیئرمین وحدت علمائے پاکستان)، حفاظت علی اقرار زیدی (بانی امام بارگاہ)، اور دیگر علمائے کرام و بانیانِ مجالس شریک تھے ،وفد نے محرم الحرام 1447ھ کے موقع پر عزاداروں، امام بارگاہوں، اور ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے زائرین کو درپیش مسائل، خصوصاً سیکیورٹی، بروقت ٹرین شیڈول، خصوصی ٹرینوں کا بندوبست، اسٹیشنز پر صفائی و پانی کی فراہمی جیسے انتظامی امور سے وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وفد کی تجاویز کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، “پاکستان ریلوے نہ صرف ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے بلکہ عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ محرم کے دوران ہماری ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے، اور ہم پوری سنجیدگی سے اسے نبھائیں گے۔”“ریلوے اسٹیشنز پر صفائی، پانی، روشنی اور سیکیورٹی جیسے تمام انتظامات کے لیے متعلقہ ڈویژنوں کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ہم علمائے کرام اور بانیانِ مجالس سے مکمل رابطے میں رہیں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران کوئی کوتاہی نہ ہو۔”وفد نے وفاقی وزیر کی ذاتی دلچسپی، فوری اقدامات اور سنجیدہ رویے کو سراہا اور حکومتِ وقت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتِ پاکستان عزاداروں اور عوام کے مذہبی جذبات کا احترام جاری رکھے گی اور حسبِ روایت اس سال بھی بہترین انتظامات کو یقینی بنائے گی.